بھٹکل 25/نومبر(ایس او نیوز) سعودی عربیہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق بورائیدہ شہر کی ایک کمپنی میں ملازم ممبئی گھاٹ کوپرکا فرحان سڑک حادثے کا شکار ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں اس کے دونوں پیر فریکچر ہوگئے۔ سرجری کے ذریعے اس کے علاج کے لئے فوری طور پر خون کی ضرورت پیش آئی۔جس سے اس کے رشتے دار اور دوست احباب پریشان ہوگئے۔ اس کی خبر جب انڈین سوشیل فورم کے ذمہ داران کو ملی تووہ لوگ شدید زخمی اس نوجوان کی مدد کو آگے بڑھے۔
انڈین سوشیل فورم بورائیدہ یونٹ کے روؤف کلائی کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور حادثے کا شکار نوجوان سے اسپتال میں ملاقات کرنے کے بعد ہر طرح سے اس کو راحت پہنچانے کا یقین دلایا گیا۔ پھر فورم کے اراکین اقبال پتور،ایاز کاٹی پلی اوردیگر ساتھیوں کے تعاون سے 4یونٹ خون کا عطیہ فرحان کو فراہم کیا گیا۔انڈین سوشیل فورم کی بے لوث خدمت کے لئے فرحان اور اس کے رشتے داروں نے بہت ہی زیادہ ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔